منگلورو،25؍دسمبر (ایس او نیوز) دو دن قبل ایئر پورٹ کی طرف جاتے وقت ایم ایل اے یوٹی قادر کی گاڑی کا پیچھا کرنے والے انیس پجاری (28سال)کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے جس کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ وہ بولار کارہنے والا ہے اور بولار میں مہیلا کانگریس کارکن کا بیٹا ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ انیس پجاری سے پوچھ تاچھ کے بعد پولیس کو ایسا نہیں لگا کہ وہ کسی برے مقصد سے یوٹی قادر کا پیچھا کررہا تھااس لئے اس کو تنبیہ کرتےہوئے آئندہ ایسی حرکت نہ کرنے کا تحریری اقرار نامہ لے کر چھوڑ دیا گیا ہے۔
لیکن انیس پجاری کو صاف کردار والا شخص نہیں ہے۔ اس کے خلاف پہلے سے چوری، ڈکیتی ، گانجہ نوشی اور ایسے دیگر جرائم کے کیس پولیس کے پاس درج ہیں۔اس بات کی تصدیق پولیس نے بھی کی ہے۔لہٰذا کانگریسی لیڈر ایوان ڈیسوزا سمیت دیگر لیڈروں نے پولیس سےاس معاملے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے پولیس کمشنر کو میمورنڈم دیا ہے۔
خیال رہے کہ یوٹی قادر جب بنگلورو جانے کے لئے ایئر پورٹ کی طرف جارہے تھے تو ان کے تحفظ کے لئے ساتھ چلنے ولی ایسکارٹ گاڑی اورقادر کی گاڑی کے درمیان انیس پجاری اپنی موٹر بائک بار بار لارہا تھا۔ ایسکارٹ گاڑی کے سائرن بجانے پر بھ وہ باز نہیں آرہاتھا۔ پھر ایسکارٹ گاڑی کے افسر نے پولیس کنٹرل روم کو اس کی اطلاع دی تو پٹرولنگ گاڑی پہنچ گئی اور انیس پجاری کی بائک کا پیچھا کیا تو وہ فرا ر ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ مگر پولیس ایسکارٹ نے چونکہ بائک کا نمبر نوٹ کرلیا تھا اس لئے راتوں رات انیس کو تلاش کرکے حراست میں لیا گیا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ اس سے پوچھ تاچھ کے بعد پتہ چلا کہ وہ چونکہ کان میں ائیر فون لگاکر گاڑی چلا رہا تھا تو اس نے پولیس گاڑی کا سائرن نہیں سنا تھااورکسی برے مقصد سے وہ یوٹی قادر کا پیچھا نہیں کررہا تھا۔